بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن اپنی اداکاری کے کیریئر میں شاید اتنے کامیاب نہیں ہو پائے جتنے ان کے والد بولی وڈ میں کامیاب ہوئے لیکن اگر ذاتی زندگی کی بات کی جائے تو وہ نہایت کامیابی سے اپنی شادی شدہ زندگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ تاہم متعدد بار اداکار کو ان کی ناکام فلموں کے ساتھ ساتھ اہلیہ ایشوریا رائے اور بیٹی ارادھیا کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ایسا ہی کچھ حال ہی میں ہوا جب ٹوئٹر پر ایک خاتون صارف نے ابھیشیک بچن سے ان کی اہلیہ اور بیٹی کے حوالے سے تنقیدی سوال کیا۔شیریں نامی اس خاتون نے اپنی ٹویٹ میں ابھیشیک سے سوال کیا کہ ’جونیئر بچن کیا آپ کی بیٹی اسکول نہیں جاتی؟ مجھے سمجھ نہیں آتا کے کون سا اسکول ایک بچے کو ہر وقت اپنی ماں کے ساتھ گھومنے کی اجازت دیتا ہے؟ یا پھر آپ لوگ تعلیم سے زیادہ خوبصورتی کو اہمیت دے رہے ہیں؟ ہمیشہ آپ کی بیٹی اپنی گھمنڈی ماں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ پکڑے گھومتی ہے، اور اسے ایک عام بچپن تو مل نہیں پارہا‘۔

اس سوال پر ابھیشیک بچن نے ان خاتون کو بغیر غصہ کیے تنقیدی انداز میں جواب دیا کے ’میڈیم جتنا میں جانتا ہوں، سارے اسکول چھٹی کے دنوں پر بند ہوتے ہیں، میری بیٹی باقی دنوں میں اسکول جاتی ہے، اس پر خاتون نے ابھیشیک بچن کا شکریہ ادا کیا جبکہ مشورہ دیا کے وہ اپنی بیٹی کی ایسی تصاویر بھی شیئر کریں جن میں وہ عام بچوں کی طرح زندگی گزار رہی ہو۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ابھیشیک بچن کو ان کی فلموں کے اتنخاب پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک صارف نے آرادھیا کی تصویر شیئر کی تھی۔

Courtesy: ڈان نیوز