علامات پسپائی
نشہ بازی کے علاج میں ’’علامات پسپائی‘‘ پر قابو پانے کے بعد مریض کو گروپ تھراپی میں شامل کیا جاتا ہے جہاں ایک نئے عقیدے کی بنیاد رکھی جاتی ہے جس میں مریض عملی طور پر یہ دیکھتا ہے کہ دراصل نشے کے بغیر ہی زندگی مکمل ہے اور کوئی خلاء باقی نہیں۔ نشہ بازی کا بنیادی علاج اس عقیدے کی طرف سفر ہے۔ یہ سفر اچھے علاج اورگروپ تھراپی کے ذریعے ہی طے ہو سکتا ہے۔ علامات پسپائی پر قابو پانے کے بعد مریض کا اپنے نشے پر جسمانی انحصار تو ختم ہو جاتا ہے تاہم نفسیاتی علاج کے بغیر مریض کے واپس نشے کی دنیا میں لڑھک جانے کے امکانات اب بھی بہت ہوتے ہیں۔ ذہنی دباؤ، ماحول میں نشے کی نشانیاں، یادیں اور پرانے یار دوست مل کر نشے کیلئے شدید طلب پیدا کر سکتے ہیں۔